نئی دہلی14مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اتر پردیش اور بہار میں ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کے فورا بعد آج ٹوئٹ کر کہا کہ انجام کا آغاز ہو چکا ہے ۔ انہوں نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو ٹویٹر پر مبارک باد بھی دی۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بہار میں ارریہ لوک سبھا سیٹ اور جہان آباد اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب میں جیت درج کرنے کے لئے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو بھی مبارک باد دی۔لالو نے اس کا جواب دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ ہم ایک ساتھ مل کر لڑ رہے ہے، ہم لڑیں گے اور ہم جیت جائے گا. شکریہ بہن ! سی پی ایم کے ایم پی محمد سلیم نے بھی ضمنی انتخابات کے نتائج کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس کا اثر اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات پر بھی پڑے گا۔ انہوں نے ' کہاکہ ایس پی اور بی ایس پی کے مابین اتحاد قائم ہونے سے ووٹروں کو اتر پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومتوں کے خلاف اپنا غصہ ظاہر کرنے میں تقویت ملی ہے۔ ان نتائج کے اثرات سال 2019 میں پڑیں گے۔ سپا اور بسپا دونوں کے درمیان اختلافات رہے تھے؛ لیکن جمہوریت کو بچانے اور بی جے پی اور اس کی عوام مخالف پالیسیوں کو شکست دینے کے لیے یہ دونوں پارٹیاں ایک ساتھ آئی ہیں جو کہ قابل مبارک باد ہے ۔سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ نے کہا کہ نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی ناقابل تسخیر نہیں ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان (ضمنی انتخابات) نتائج کا تمام سیکولر، جمہوری پارٹیوں کی سوچ پر اثر پڑے گا تاکہ وہ بی جے پی کو شکست کے پیش نظر ایک مناسب انتخابی حکمت عملی اختیار کرسکیں ۔